نئی دہلی، 18دسمبر(ایس او نیوز آئی این ایس انڈیا)ایمس میں گردے کے علاج کے بعدصحت مندہورہیں وزیر خارجہ سشما سوراج اب بھی بیرون ملک آباد ہندوستانیوں کی مدد کرنے کیلئے فکرمند ہیں۔اس بار انہوں نے ایک ایسے خاندان کی مدد کا بھروسہ دلایا جو ٹوکیو میں جان گنوانے والے اپنے ایک رکن کی لاش ہندوستان نہیں لا پا رہا ہے۔ہسپتال کے بستر پر لیٹے لیٹے سشما نے آج ٹویٹ کیا کہ ہم(لاش لانے کا)مکمل خرچ برداشت کریں گے اور بغیر کسی تاخیر کے یہ کام کریں گے۔وزیر خارجہ نے آٹھ دن پہلے جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں جان گنوانے والے گوپال رام کے خاندان کو یہ بھروسہ تب دلایا، جب کل ہی دہلی خواتین کمیشن نے ان کے خاندان کے لئے سشما کی مدد مانگی تھی۔دہلی خواتین کمیشن کی صدر سوات مالیوال نے سشما کو خط لکھ کر اس کے بعد دخل کی فریاد جب گوپال کی بیوی رادھا دیوی نے کمیشن کی مدد مانگی تھی۔رادھا نے کہا تھا کہ ان کا خاندان مالی پریشانیوں کی وجہ سے گوپال کی لاش ہندوستان نہیں لا پا رہا ہے۔بیرون ملک پریشانیوں کا سامنا کر رہے ہندوستانیوں کی فوری مدد کرنے کو لے کر 64سال کی سشما کافی مشہور رہی ہیں۔ان میں سے زیادہ تر لوگ ٹویٹر کے ذریعے انہیں اپنی تکلیف بتاتے ہیں۔ہسپتال میں ہونے کے بعد بھی وہ مدد کی درخواستوں پر جواب دیتی رہی ہیں۔دہلی کے امبیڈکر نگر کے رہنے والے 48سال کے گوپال رام گزشتہ سال ستمبر میں روزگار کے سلسلے میں ٹوکیو گئے تھے۔10دسمبر کو دل کی سانس تھم جانے سے ٹوکیو میں ان کی موت ہو گئی۔